نئی دہلی 29 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ودودرہ کی اپنی نشست سے استعفی پیش کردیا ہے اور انہوں نے وارناسی کی نشست برقرار رکھی ہے ۔ بی جے پی نے اتر پردیش میں لوک سبھا کی 80 کے منجملہ 71 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی ۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے بھی جو دو نشستوں سے منتخب ہوئے تھے اپنی مین پوری کی نشست چھوڑ دی ہے اور انہوں نے اعظم گڑھ نشست برقرار رکھی ہے ۔ قوانین کے تحت دو نشستوں سے منتخب ہونے والے کسی بھی رکن کو نتائج کے اعلان کے 14 دن کے اندر کسی ایک حلقہ سے استعفی پیش کردنا ہوتا ہے ۔ چونکہ لوک سبھا کے نتائج کا 16 مئی کو اعلان ہوا تھا اور 14 دن کی معیاد آج ختم ہو رہی تھی ۔
پارلیمنٹ کے ذرائع نے کہا کہ دونوں قائدین کے استعفی موصول ہوچکے ہیں اور ان کو قبوبل کیا جا رہا ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے ودودرہ سے تقریبا 5.7 لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ اس بار کے لوک سبھا انتخابات میں یہ سب سے بڑی اکثریت تھی ۔ بی جے پی نے گجرات میں تمام 26 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی ۔ وارناسی میں مودی کو عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال سے مقابلہ درپیش تھا ۔ انتخابی میدان میں ان کے داخلہ سے صورتحال دلچسپ ہوگئی تھی ۔ کیجریوال کے خلاف نریندر مودی کو جملہ 3.7 لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ مودی کا وارناسی نشست کو برقرار رکھنا اتر پردیش کو بی جے پی کی جانب سے دی جانے والی اہمیت ظاہر کرتا ہے ۔ یو پی میں 2017 میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ بی جے پی وہاں اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کریگی ۔