کولکتہ ۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی کے ہاتھ خون سے رنگین ہیں۔ ترنمول کانگریس نے آج گجرات فسادات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مودی آئندہ وزیراعظم بننے کا دن میں خواب دیکھ رہے ہیں لیکن عوام ان کے اس خواب کو ڈراونے خواب میں تبدیل کردیں گے۔ ترنمول کانگریس کے ترجمان ڈیریک او فرائن نے کہا کہ مودی اپنی تشہیر خود کررہے ہیں اور وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ لیکن ہندوستان کے عوام ان کے خواب کو کبھی حقیقت بننے نہیں دیں گے۔ ترنمول کانگریس تیسری سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی اور دیگر تین چار علاقائی پارٹیوں کے ساتھ 120 نشستیں حاصل کرلے گی۔ اس سوال پر کہ مابعد انتخابات کسی اتحاد کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک اس نے اکیلے ہی انتخابات لڑے ہیں۔