سورت ۔ 17 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کا متنازعہ پٹیوں میں مونوگرام والا ’بند گلاسوٹ‘جو انہوں نے امریکی صدر براک اوباما کے گزشتہ ماہ دورہ ہندوستان کے دوران زیب تن کیا تھا، کل یہاں شروع ہونے والے ہراج میں پیش کیا جائے گا۔ یہ سوٹ جس نے ہلچل مچادی اور سیاسی طوفان برپا کیا، دیگر 455 اشیاء کے ساتھ ہراج ہوگا۔یہ اشیاء مودی کو اپنی لگ بھگ 9 ماہ طویل کی میعاد کے دوران تحائف کے طور پر وصول ہوئی ہیں۔ اس ہراج سے حاصل ہونے والے فنڈس وزیراعظم کے پرعزم ’کلین انڈیا مشن‘ کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔ سورت میونسپل کمشنر ملند توراوانے نے آج نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ سور ت میں آکشن کا یہ تین روزہ ایونٹ رہے گا جس میں وزیراعظم مودی کی مستعملہ اور انہیں حاصل شدہ تحائف وائی اشیاء ہراج کیلئے پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم سے تعلق رکھنے والی تحائف کی اشیاء قومی اثاثہ ہے اور اس ہراج سے حاصل ہونے والی رقم دریائے گنگا کی صفائی کے مشن کیلئے استعمال میں لائی جائے گی۔