مودی کے دورِ حکومت میں جھوٹے وعدوں کی تشہیر : کانگریس

جمشیدپور۔ 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج یہ الزام عائد کیا ہے کہ نریندر مودی حکومت ’’جھوٹے وعدوں‘‘ پر بھاری رقومات صرف کررہی ہے جبکہ مختلف اسکیموں کیلئے مختص بجٹ میں کٹوتی کردی گئی ہے۔ اے آئی سی سی ترجمان اجئے ماکن نے بتایا کہ مودی حکومت جوکہ سوٹ بوٹ کی سرکار سے مشہور ہوچکی ہے، گزشتہ ایک سال کے دوران فراہمی روزگار اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے متعلق اپنے وعدوں کی تکمیل کرنے سے قاصر رہی۔ اگرچیکہ مودی حکومت نے 2.50 کروڑ ملازمتیں فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن ایک سال میں سب سے کم شرح روزگار 1.17 لاکھ ملازمتوں کا ریکارڈ درج کروایا گیا۔ وزیراعظم کی پسندیدہ مہم ’’سوچھ بھارت‘‘ ابھیان کیلئے بجٹ میں کٹوتی کردی گئی ہے جوکہ یو پی اے حکومت کے مقابل نصف سے بھی کم ہیں۔ علاوہ ازیں گزشتہ ایک سال میں بیت الخلاؤں کی تعمیر کا نشانہ بھی پورا نہیں کیا گیا۔

لیفٹننٹ گورنر دہلی سے استعفیٰ دینے سی پی ایم کا مطالبہ
نئی دہلی۔ 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے وزیر قانون جیتندر سنگھ تومر کی گرفتاری کو لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ کی جانب سے اختیارات کے بیجا استعمال کی نادر مثال قرار دیتے ہوئے سی پی ایم نے آج ان سے فی الفور استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ سی پی ایم نے آج ایک صحافتی بیان میں کہا کہ لیفٹننٹ گورنر کی سلسلہ وار کارروائیوں سے یہ ثابت ہوچکا ہے کہ وہ جمہوری و وفاقی اُصولوں کے پابند نہیں ہیں۔ سی پی ایم نے دہلی کے وزیر قانون کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے یہ الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت ، دہلی کی منتخب حکومت کے خلاف لیفٹننٹ گورنر کو آلہ کار بنا رہی ہے۔