مودی کے بیرونی سرزمین پر ریمارکس راجیہ سبھا میں ہنگامہ

نئی دہلی۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی بیرونی دورہ کے موقع پر یو پی اے دور ِ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر راجیہ سبھا میں آج زبردست ہنگامہ آرائی ہوئی جہاں اپوزیشن نے بار بار کارروائی کو ملتوی کرنے کیلئے مجبور کردیا۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی سخت موقف اختیار کئے ہوئے تھے اور انہوں نے وزیراعظم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی سرزمین پر انہیں کوئی پابندی کا سامنا نہیں ہے۔ اپوزیشن اور ٹریژری بینچس کے ارکان میں سخت الفاظ کا تبادلہ ہوا۔ مودی نے حالیہ دورۂ کینیڈا کے موقع پر کہا تھا کہ وہ 60 سال کی گندگی کو صاف کرنا چاہتے ہیں۔ کانگریس ڈپٹی لیڈر آنند شرما نے یہ مسئلہ اُٹھاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو ملک کے وقار کا کوئی پاس و لحاظ نہیں۔ وہ ایک وزیراعظم کی طرح نہیں بلکہ بی جے پی لیڈر اور پرچارک کی طرح بات کررہے ہیں۔ انہوں نے ٹورنٹو میں مودی کے اس ریمارک کا بھی حوالہ دیا کہ پہلے ہندوستان ’’اسکام انڈیا‘‘ تھا جو اب ’’اِسکل انڈیا‘‘ بن چکا ہے۔ قائد ایوان ارون جیٹلی نے اپوزیشن کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے بالکل درست بات کہی ہے کہ ان کی حکومت نے گزشتہ 60 سال کے دوران جو کچھ ہوا، اسے ختم کرتے ہوئے صاف ستھری حکومت فراہم کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مودی کے اظہار خیال پر کوئی پابندی عائد نہیں ہے۔