مودی کے بعد نمبر 2 کون ؟ لوک سبھا میں کانگریس کا اِستفسار

نئی دہلی۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کانگریس نے آج یہ سوال کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے بعد نمبر 2 کون ہیں۔ کانگریس لیڈر کے وی تھامس نے لوک سبھا میں بجٹ پر مباحث کے دوران کہا کہ حکومت سے بعض ایسے اشارے مل رہے ہیں جو باعث ِ تشویش ہیں۔ انہوں نے یہ جاننا چاہا کہ حکومت میں کیا واقعی ایک ہی لیڈر موجود ہے۔ انہوں نے پوچھا کہ نمبر 2 کی بات کیوں ہورہی ہے، کیا اجتماعی قیادت کا فقدان پایا جاتا ہے؟ یہ سوال وزیراعظم کے بیرونی دورہ کے پس منظر میں کیا گیا کیونکہ اب تک یہ واضح نہیں پایا کہ نریندر مودی کی غیرموجودگی میں ذمہ دار کون ہیں۔ یو پی اے دورِ حکومت میں اُس وقت کے وزیراعظم منموہن سنگھ نے اپنی غیرموجودگی میں سینئر ترین کابینی رفقاء کو انچارج مقرر کیا تھا۔