مودی کے اثاثوں میں اندرون 15 یوم 14 لاکھ روپئے کا اضافہ

وارناسی ۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی نے آج 1.65 کروڑ روپئے مالیتی اثاثہ جات کا انکشاف کیا ہے۔ تقریباً 15 دن قبل انہوں نے لوک سبھا حلقہ ودودھرا سے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر جو حلفنامہ داخل کیا اس کے مقابلہ یہ رقم 14.34 لاکھ روپئے زائد ہے۔ چیف منسٹر گجرات کی دولت ان کے اصل حریف عام آدمی پارٹی امیدوار اروند کجریوال کے مقابلے 68 لاکھ روپئے زیادہ ہے۔ اروند کجریوال نے ایک دن قبل وارناسی سے پرچہ نامزدگی داخل کرتے ہوئے انفرادی اثاثہ جات 96.25 لاکھ ہونے کا انکشاف کیا تھا۔

تاہم سابق چیف منسٹر دہلی اور ان کی اہلیہ سنیتا کے مجموعی اثاثہ جات 2.14 کروڑ روپئے کے ہیں۔ نریندر مودی کے وارناسی سے آج دائر کردہ حلفنامے کے مطابق بینک بیلنس میں اضافہ اور ان کے پاس موجود رقم کی وجہ سے یہ اضافہ ہوا ہے۔ بی جے پی لیڈر کے پاس موجود نقد رقم میں 3 ہزار روپئے کا اضافہ ہوا ہے جبکہ ان کے بینک بیلنس میں اس سے پہلے دائر کردہ ودودھرا حلفنامہ کے مقابلہ 14.31 لاکھ روپئے کا اضافہ ہوا ہے۔ ان کی اہلیہ جشودھا بین کی مالی اور دیگر تفصیلات کے کالم میں ’’نامعلوم‘‘ درج کیا گیا ہے۔