مودی کی پانچ ریاستوں کو یوم تاسیس کی مبارکباد

نئی دہلی، یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی نے آج ہریانہ، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، کیرالا اور کرناٹک کے لوگوں کو یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی خوشحالی اور ترقی کی نئی بلندیوں کو چھونے کی خواہش کا اظہار کیا۔ مودی نے ٹویٹ کر کے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہاکہ ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن اور جے جوان جے کسان کے جذبہ کو شرمندہ تعبیر کرنے والے ہریانہ کے لوگوں کو یوم تاسیس کی بہت بہت مبارکباد۔ انہوں نے چھتیس گڑھ کے باشندوں کو یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوتا رہے چھتیس گڑھ۔ وزیراعظم نے مدھیہ پردیش کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی میں اہم کردار کرنے والے مدھیہ پردیش کے باشندوں کو یوم تاسیس کی بہت بہت نیک خواہشات۔
ٹرانسفرمر پھٹنے سے 14 افراد ہلاک،6 کی حالت نازک
جے پور ،یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام)راجستھان میں جے پور ضلع کے شاہ پورا کے کھاتولائی گاؤں کی گوجروں کی ڈھانی میں کل دوپہر بجلی کا ٹرانسفرمر کے پھٹ جانے سے مرنے والے لوگوں کی تعداد 14 ہو گئی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق گوجروں کی ڈھانی میں بھیرورام گوجر کے گھر شادی کی تقریب کے دوران قریب میں لگے ٹرانسفرمر میں اچانک آگ لگ گئی اور وہ دھماکے سے پھٹ گیا جس میں چار خواتین اور ایک بچے کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور 9 لوگوں کی کل دیر رات اسپتال میں دوران علاج موت ہوگئی۔ حادثے میں زخمی بیس افراد کو سوائی مان سنگھ اسپتال لایا گیا تھا جہاں جنین سمیت 9 لوگوں کی موت ہوگئی۔ چھ کی حالت اب بھی نازک ہے ۔ اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر مملکت راجیہ وردھن سنگھ آج کھاتولائی گاؤں گئے اور متاثرین کی تعزیت کی ۔ بعد میں انہوں نے ہسپتال میں داخل مریضوں کی خیریت بھی دریافت کی ۔ راجستھان کانگریس کے صدر سچن پائلٹ نے بھی زخمیوں کی حالت جاننے کیلئے اسپتال کا دورہ کیا۔

لوجہاد کیس : راجستھان ہائی کورٹ کو
حکومت سے جواب مطلوب
جودھپور۔یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک خاتون کا مبینہ طور پر جبری مشرف بہ اسلام ہونا اور شادی کرلینے سے متعلق کیس سے نمٹنے میں ریاستی پولیس کی سرزنش کرتے ہوئے راجستھان ہائی کورٹ نے آج اسے ہدایت دی کہ ایف آئی آر درج کرے اور رپورٹ داخل کرے۔ اس خاتون کی فیملی اس دعوے کے ساتھ عدالت سے رجوع ہوئی کہ یہ ’لو جہاد‘ کا معاملہ ہے۔