مودی کی نظر میں اوپینین پولس ’ دروغ گوئی ‘

نئی دہلی ۔ 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اوپینین پولس کو قبول کرنے سے انکار کردیا جو دہلی اسمبلی چناؤ میں عام آدمی پارٹی کو برتری دے رہے ہیں، اور کہا کہ یہ سب ’جھوٹے‘ ہیں اور دہلی والوں سے اس طرح کے سروے سے متاثر نہ ہوجانے کی اپیل کی۔ یہاں اپنی آخری الیکشن ریالی کے دوران مودی نے مرکزی بہبودی اسکیمات کے تعلق سے بات کرتے ہوئے ووٹروں کو راغب کرنے کی کوشش بھی کی۔ عام آدمی پارٹی کیلئے اکثریت کی پیش قیاسی کرنے والے اوپینین پولس کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ویراعظم نے عوام سے کہا کہ ان جھوٹی باتوں کے دام میں گرفتار نہ ہوجائیں اور کہا کہ گذشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران انہوں (عام آدمی پارٹی) نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ زائد از 50 نشستیں جیت جائیں گے لیکن وہ واحد بڑی جماعت کا موقف تک حاصل نہیں کرسکے۔ ’’حتیٰ کہ جب میں نے لوک سبھا میں وارانسی سے انتخاب لڑا ، کئی سروے میں بتایا گیا کہ مودی 3 لاکھ ووٹوں سے ہار جائے گا۔ میں نہیں جانتا کہ انہیں چناؤ کا اندازہ کیسے ہوتا ہے‘‘ مودی نے مزید کہا کہ انہیں تعجب ہیکہ اس طرح ایسے شخص کو جو خود اپنی لوک سبھا نشست نہیں جیت سکا، بڑی شخصیت کے طور پر پیش کیاجارہا ہے، جو واضح طور پر عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال کا حوالہ ہے۔