مودی کی سچائی کیساتھ ’’کھینچ اور ڈھیل‘‘: عمر عبداللہ

سری نگر 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے آج نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ سچائی کے ساتھ کھینچ اور ڈھیل کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ ریاست میں اُن کا جلسہ عام اِسی لئے اُنھوں نے نظرانداز کردیا ہے۔ عمر عبداللہ نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ گزشتہ سال یکم ڈسمبر کو جلسہ عام میں جتنے افراد نے شرکت کی، اگر اُنھیں 50 فرض کیا جائے تو آج کے جلسہ عام میں صرف ایک شخص شریک تھا۔ چنانچہ گزشتہ سال کے جلسہ عام اور آج کے جلسہ عام میں حاضری کا تناسب 50 اور ایک کا تھا۔ اُنھوں نے ٹوئٹر پر دونوں عام جلسوں میں عوام کے ہجوم کی تصاویر بھی شائع کیں۔

رشوت معاملہ پر ہماچل وزیر اعلیٰ سے سی بی آئی کی پوچھ گچھ
نئی دہلی ۔ 26 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعلیٰ ہماچل پردیش ویر بھدرا سنگھ سے آج سی بی آئی نے پوچھ گچھ کی اور ان کا بیان قلمبند کیا۔ یاد رہے کہ ان پر الزام ہے کہ مبینہ طور پر انہیں اور اسٹیٹ ٹریڈنگ کارپوریشن کے ملازمین کو بعض خانگی کمپنیوں نے رشوت دی ہے ۔ اسٹیٹ ٹریڈنگ کارپوریشن کی شکایت پر سی بی آئی نے ابتدائی تحقیقات کی تھی اور اس کے بعد گزشتہ اکتوبر میں تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کیا گیا تھا ۔