لکھنؤ ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے وزیراعظم نریندر مودی کی لکھنؤ میں آج منعقدہ مہاپریورتن ریالی کو ایک فلاپ شو قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ تمام ممکنہ کوششوں کے باوجود جلسہ کے شرکاء نے مودی کو ’یوپی والا‘ کی حیثیت سے قبول نہیں کیا۔ مایاوتی نے ایک صحافتی بیان میں کہاکہ ’’وزیراعظم کی مہاپریورتن ریلی مکمل فلاپ شو رہی کیونکہ یہ محض ٹکٹ مانگنے والوں اور کرایہ پر جمع کردہ ہجوم کا ایک اجتماع تھی‘‘۔ مایاوتی نے دعویٰ کیا کہ ’’بی جے پی کے صدر امیت شاہ کی جانب سے اس ریلی میں بار بارعوام سے پوچھے جانے کے باوجود عوام خاموش رہے اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ کوئی بھی شخص مودی کو اترپردیش سے تعلق رکھنے والے کی حیثیت سے قبول کرنے تیار نہیں ہے‘‘ حالانکہ وہ لوک سبھا میں یو پی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ مایاوتی نے مودی ا ور بی جے پی پر دلتوں کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا۔