چینائی ؍ ممبئی ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) تمل سوپر اسٹار رجنی کانت جنہیں نامزد وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ اس طرح بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن کے بارے میں کہا جارہا ہیکہ وہ نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گے جبکہ ممتاز گلوکارہ لتا منگیشکر کو بھی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے لیکن ان کی جانب سے بھی کوئی مثبت اشارے نہیں ملے ہیں جبکہ کئی دیگر بالی ووڈ ایکٹرس جن میں اہم نام انوپم کھیر اور وویک اوبرائے کے ہیں، تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔ لتا منگیشکر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ان کی عمر کا تقاضہ ہے اور وہ طویل سفر کرنے کے موقف میں نہیں ہیں جبکہ بچن کسی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
بہار کو خصوصی درجہ دینے مودی سے نتیش کمار کو توقعات
پٹنہ ۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے سابق وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج بالآخر ان کے زبردست سیاسی حریف نریندر مودی کو ملک کی قیادت کرنے والے نئے وزیراعظم بننے پر مبارکباد پیش کی جو آج شام اپنے عہدہ اور رازداری کا حلف لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مودی حکومت سے متعدد توقعات وابستہ ہیں جن میں ریاست بہار کو خصوصی درجہ دیا جانا بھی شامل ہے۔ اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ شخصی وجوہات کی بنیاد پر وہ مودی کی حلف برداری تقریب میں شرکت نہیں کررہے ہیں۔