مودی کی جان کو خطرہ ، کوئی روڈ شوز نہیں : پی ایم سکیورٹی

وزیراعظم کے قریب کسی کو آنے نہیں دیا جائے گا ۔ وزراء اور آفیسرس کو بھی دوری برقرار رکھنے وزارت داخلہ کی ہدایت

نئی دہلی ۔ 26 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی کی جان کو خطرہ لاحق ہونے کے نہایت ہی حساس اندیشے کے پیش نظر تمام ریاستوں کو نئی سکیورٹی کے رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے گئے ہیں ۔ وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے قریب وزراء اور آفیسرس کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ وزیراعظم کے قریب جانے سے قبل تمام وزراء اور عہدیداروں کو اسپیشل پروٹکشن گروپ (ایس پی جی ) کی منظوری لینی ہوگی ۔ وزارت داخلہ نے کہاکہ وزیراعظم کو لاحق خطرے میں اب شدت پیدا ہوتی نظر آرہی ہے اور وہ 2019 ء عام انتخابات کے دوران سب سے اہم نشانہ بن سکتے ہیں۔ وزارت داخلہ کے سکیورٹی شعبہ کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ عہدیداروں نے کہا کہ وزارت داخلہ کی نوٹس کے مطابق کسی کو بھی حتیٰ کہ وزراء اور آفیسرس بھی ایس پی جی کی ہدایت کے بغیر وزیراعظم سے ملاقات نہیں کرسکتے ۔ ان کی خصوصی سکیورٹی کیلئے تعینات کردہ آفیسرس کی جانچ پڑتال کے بعد ہی وزراء اور دیگر عہدیداروں کے قریب جانے کی اجازت دی جائے گی۔

سمجھا جاتا ہے کہ ایس پی جی نے وزیراعظم مودی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حتی الامکان احتیاط برتیں ۔ خاص کر حکمراں بی جے پی کے لئے انتخابی مہم چلانے کے دوران وزیراعظم کو احتیاط برتنی ہوگی ۔ عام انتخابات کے دوران کوئی روڈشوز نہیں ہوں گے ۔ جلسہ عام سے خطاب کے لئے بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے ۔ سکیورٹی عہدیداروں کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وزیراعظم کے دورے اور جلسہ عام کے مقامات کا قبل از وقت جائزہ لیتے ہوئے سکیورٹی کے انتظامات کریں ۔ وزیراعظم کی سکیورٹی پر نظر رکھنے والی کلوز پروٹکشن ٹیم ( سی پی ٹی ) نے اپنے نئے اُصول و ضوابط سے متعلق عہدیداروں کو واقف کروایا ہے ۔ وزیراعظم کو لاحق خطرے کا بھی اندازہ کیا جارہا ہے اور اس ٹیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ وزیر یا عہدیدار کو بھی وزیراعظم سے ملنے نہ دیا جائے ۔ وزیراعظم کی سکیورٹی کے ڈھانچہ کو ہر وقفہ کے بعد تبدیل کیا جائے گا ۔ وزیراعظم کی زندگی کو لاحق خطرہ سے متعلق 7 جون کو پونے پولیس نے عدالت کو بتایا تھا کہ اس نے ایک مکتوب ضبط کیا ہے جس میں واضح طورپر لکھا گیا ہے کہ وزیراعظم سی پی آئی ماؤسٹ کے نشانے پر ہیں ۔ اس ممنوعہ تنظیم سی پی آئی ماؤسٹ سے تعلق رکھنے والے چند لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے قبضہ سے یہ مکتوب برآمد کیا گیا تھا ۔ مذکورہ مکتوب میں مبینہ طورپر مودی کے قتل کے منصوبہ کا ذکر کیا گیا ہے اور یہ قتل راجیوگاندھی کے قتل کی طرح ہوگا ۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ مودی کا حشر بھی راجیو گاندھی کے جیسا کیا جائے گا ۔ مغربی بنگال کا حالیہ دورہ کرنے کے دوران وزیراعظم کی سکیورٹی کے چھ درجوں سے گذرتے ہوئے ایک شخص نے گھسنے کی کوشش کی تھی ۔ انٹلیجنس بیورو نے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے تمام سکیورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ لاپرواہی سے کام نہ لیں۔ وزیراعظم کے دورۂ مغربی بنگال کے دوران ان کے سخت سکیورٹی والے قافلے میںجب ایک شخص گھس پڑا تو سکیورٹی عہدیدارپریشان ہوگئے ۔