نئی دہلی ، 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا میں آج وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ایک ٹی ڈی پی رکن کے ریمارک پر سرکاری بنچوں نے شدید ردعمل ظاہر کیا جس میں وزیر دفاع نرملا سیتارامن نے مطالبہ کیا کہ اسے حذف کردیا جائے۔ ٹی ڈی پی کے جئے دیو گالا نے مودی حکومت کے خلاف 4 سال میں پہلی تحریک عدم اعتماد میں مباحث شروع کئے۔ جب انھوں نے آندھرا پردیش کی تقسیم کو ’’غیرجمہوری اور غیرسائنسی‘‘ قرار دیتے ہوئے اپنی تقریر کا اختتام کیا، تب این سیوا پرساد (ٹی ڈی پی) اپنی نشست سے کھڑے ہوئے اور وزیراعظم کے خلاف تلگو میں کچھ ریمارک کردیا۔ فوری نرملا نے اس پر اعتراض کیا اور مطالبہ کیا کہ اسپیکر اسے حذف کردیں۔ وزیر پارلیمانی امور اننت کمار اور اُن کے دیگر پارٹی رفقاء بھی اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے اور اس ریمارک کو حذف کردینے کا مطالبہ کیا۔ نرملا نے سوال اٹھایا کہ وہ ملک کے وزیراعظم کیلئے اس طرح کے الفاظ کس طرح استعمال کرسکتا ہے۔