مودی کیخلاف آر جے ڈی کے ’’ہلّہ بول ‘‘ کا آغاز

پٹنہ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کو ’’دنیا کا سب سے بڑا دھوکہ باز‘‘ قرار دیتے ہوئے راشٹریہ جنتادل نے آج اُن کے خلاف ہلّہ بول تحریک کا آغاز کیا اور دعویٰ کیاکہ نریندر مودی جھوٹے وعدے کرکے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ دنیا بھر میں اُن سے بڑے دھوکہ باز کہیں نہیں ملے گا جنھوں نے کالے دھن کے بارے میں غلط تیقنات دیتے ہوئے ملک کی ایک ارب عوام کو بے وقوف بنایا ہے۔ بے روزگاری اور افراط زر کے بارے میں غلط وعدے کئے ہیں۔ آر جے ڈی کے ریاستی صدر رام چندر پروے ایک روزہ طویل مہا دھرنا میں شرکت کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم غریبوں اور کاشتکاروں کو لالو پرساد کی زیرقیادت متحد کریں گے۔ اور 2015 ء کے اسمبلی انتخابات میں مودی کو منہ توڑ جواب دیں گے کیونکہ اُنھوں نے اپنے قول پر عمل کا ثبوت نہیں دیا ہے۔ سوشلسٹ قائد جئے پرکاش نارائن کا مجسمہ شہر کے گاندھی میدان میں نصب کیا گیا ہے۔ جس کے سامنے کئی پارٹی قائدین جیسے سابق مرکزی وزیر جئے پرکاش یادو، سابق وزیر الیاس حسین اور سینکڑوں پارٹی کارکن جمع تھے جنھوں نے مودی کے مختلف تیقنات کا تذکرہ کیا جن کی اب تک تکمیل نہیں کی گئی ہے۔