ایم این ایس ’’عاپ‘‘ (عام آدمی پارٹی) کی بھی باپ ہے: راج ٹھاکرے
ناسک ؍ ممبئی 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا نو نرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے جنھیں کبھی نریندر مودی کا قریبی بااعتماد ساتھی سمجھا جاتا تھا، آج کہاکہ چیف منسٹر گجرات کو اُسی دن اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دینا چاہئے تھا جس دن اُنھیں بی جے پی نے وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا تھا۔ اِس تجویز کو بھگوا پارٹی نے فوری مسترد کردیا۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راج ٹھاکرے نے کہاکہ وزیراعظم پورے ملک کا ہوتا ہے کسی ایک ریاست کا نہیں۔
اِس لئے امیدوار نامزد ہوتے ہی مودی کو چیف منسٹری سے مستعفی ہوجانا چاہئے تھا۔ اُنھوں نے ریاست میں مودی کی کارگذاری کی ستائش کی۔ تاہم کہاکہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار صرف گجرات کے عوام کے بارے میں سوچتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ وزیراعظم کے عہدہ کے لئے مودی کی تائید کرنے کا فیصلہ ابھی نہیں کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مودی کو مہاراشٹرا کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ مہاراشٹرا نو نرمان سینا ’’عاپ‘‘ (عام آدمی پارٹی) کی بھی باپ ہے اور عام آدمی پارٹی مہاراشٹرا میں دہلی اسمبلی انتخابات جیسا مظاہرہ نہیں کرسکے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ مہاراشٹرا کے عوام کو چاہئے کہ وہ راج ٹھاکرے کو برسر اقتدار لائیں تاکہ اِن کی حالت بصورت دیگر تبدیل نہیں ہوسکتی۔ عام آدمی پارٹی مہاراشٹرا کی کنوینر انجلی دمانیا مہاراشٹرا میں قدم جمانے کی کوشش کررہی ہیں۔ راج ٹھاکرے کے تبصرے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ باپ کون ہیں اِس کا فیصلہ صرف انتخابات کریں گے۔ ہر ایک کو دوسروں پر تبصرہ کرنے کے بجائے پہلے خود اپنی فکر کرنا چاہئے۔