بنگلورو 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے سابق چیف منسٹر سدارامیا نے آج دلتوں، پسماندہ طبقات کے ارکان اور اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کے لئے ووٹ نہ دیں۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ جنھیں وہ ’’دوسرا ہٹلر‘‘ قرار دیتے ہیں، دوبارہ برسر اقتدار آجائے گا۔ وہ کانگریس ۔ جے ڈی ایس اتحاد کے امیدوار پرجول ریونا کی تائید میں کنڈورو ضلع چکمگلور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ سدارامیا نے کہاکہ ایک بھی دلتوں، پسماندہ طبقات اور مسلمانوں کا ووٹ بی جے پی کی تائید میں نہیں ہونا چاہئے۔ اُنھوں نے عوام کو انتباہ دیا کہ جمہوریت کی جگہ ڈکٹیٹرشپ لے لیگی اگر مودی دوبارہ برسر اقتدار آجائیں۔ انھوں نے کہاکہ میں ہاتھ جوڑ کر آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ اِس بار آپ کو بی جے پی کو شکست دینا چاہئے۔ اگر نریندر مودی دوبارہ برسر اقتدار آجائیں تو انتخابات نہیں ہوں گے۔ ملک میں آمریت ہوگی۔ پچھڑے طبقات، پسماندہ برادریاں اور اقلیتوں کو تباہ کردیا جائے گا۔ سدارامیا نے کہاکہ جب لوگ مودی سے ملازمتیں طلب کرتے ہیں تو وہ انھیں پکوڑے بیچنے کی تلقین کرتے ہیں۔ وہ (نریندر مودی) دوسرے ہٹلر ثابت ہوں گے۔ اگر آپ محتاط نہ رہیں۔ سدارامیا نے انتباہ دیا کہ قبائیلی افراد چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی کی مودی کو ہٹلر سے بدتر قرار دینے پر اُن سے قریب آگئے ہیں۔ کمارا سوامی انکم ٹیکس کے دھاوؤں کی وجہ سے جو میسورو، مانڈیا، رام نگر، ہاسن اور بنگلورو میں کئے گئے، پریشان ہیں۔ سدارامیا کے ہمراہ سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے بھی پرجول ریونا کی تائید میں ووٹ دینے کی اپیل کی جو دیوے گوڑا کے پوتے اور وزیر سی ڈبلیو ڈی ایچ ڈی ریونا کے فرزند ہیں۔ جے ڈی ایس نے اُنھیں ہاسن لوک سبھا نشست سے مقابلہ کرنے کی تلقین کی ہے۔ وہ کانگریس ۔ جے ڈی ایس اتحاد کے امیدوار ہیں جو فی الحال کرناٹک میں برسر اقتدار ہے۔ گوڑا کے دوسرے پوتے نکھل کمارا سوامی ہیں جو کمارا سوامی کے فرزند ہیں اور وہ مانڈیا لوک سبھا نشست سے امیدوار ہیں۔