نئی دہلی۔ 2 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے بہتر حکمرانی اور عوام تک اس کے فوائد پہنچانے کے مقصد سے آج 45 رکنی مجلس وزراء کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جو تقریباً 3 گھنٹے جاری رہا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ مودی نے معیشت کے فروغ ، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اپنے منصوبوں سے واقف کروایا ۔ اجلاس میں تمام تر توجہ 100 دن پر مبنی ایجنڈے پر مرکوز رہی جس میں مودی نے اپنے وزارتی رفقاء کو ترجیحی کاموں کی نشاندہی اور اُن پر عمل آوری کی ہدایت دی ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ مودی نے حکمرانی سے متعلق مختلف اُمور پر وزراء سے بھی تجاویز طلب کی ۔ مودی کے 10نکاتی ایجنڈے کے پس منظر میں یہ اجلاس منعقد کیا گیا تھا ۔ انھوں نے پہلے ہی وزراء کو بااختیار بنانے اور ازخود فیصلہ کرتے ہوئے ان پر عاجلانہ عمل آوری کی آزادی دی ہے ۔ انھوں نے وزراء سے کہا کہ وہ ابتدائی 100 دن کیلئے ٹائم ٹیبل مقرر کریں۔ وہ کل سکریٹریز سے ملاقات کرنے والے ہیں۔