مودی کا سینہ کشادہ مگر دل چھوٹا : کھرگے

نئی دہلی ۔ 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی ’’56 انچ کا رکھتے ہیں لیکن ان کا دل چھوٹا ہے‘‘، لوک سبھا میں کانگریس لیڈر ملک ارجن کھرگے نے آج ان الفاظ کے ساتھ وزیراعظم پر طنز کیا۔ کھرگے وزیرکوئلہ پیوش گوئل کے ریمارکس پر ردعمل ظاہر کررہے تھے کہ حکومت کا نشانہ دیسی طور پر ایک بلین میٹرک ٹن کوئلہ کی پیداوار ہے جسے وزیراعظم کے ’’56 انچ والے سینے‘‘ سے تحریک ملی ہے۔ کوئلہ کانکنی بل پر ایوان میں منعقدہ مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کھرگے نے کہا، ’’وزیر کوئلہ کا کہنا ہیکہ مودی 56 انچ کا سینہ رکھتے ہیں۔ ان کا سینہ 56 انچ ہے لیکن دل چھوٹا ہے‘‘۔ کانگریس گوئل کے اس دعویٰ پر مشکوک رہی ہیکہ دیسی کوئلہ پیداوار کا نشانہ 2019ء تک ایک بلین ٹن تک پہنچ جائے گا، جبکہ موجودہ طور پر پیداوار کم ہے۔ ’’میں معزز اراکین کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم اس وقت تک کچھ بھی حاصل نہیں کر پائیں گے جب تک ہم بڑی سوچ نہیں لائیں گے… ہم نے اس 56 انچ والے سینے کو ملحوظ رکھتے ہوئے 2019ء تک ایک بلین ٹن کی دیسی کوئلہ پیداوار کا نشانہ مقرر کیا ہے‘‘ وزیراعظم موصوف نے ان ریمارکس کے ساتھ مودی کے 56 انچ والے سینے کا ذکر کیا۔ مودی نے یہ بات لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران کہی تھی اور تب سے اپوزیشن حکومت پر تنقید کیلئے اس کا استعمال کرتی آئی ہے۔ لوک سبھا نے یہ بل ندائی ووٹ سے منظور کرلیا۔