مودی کا سینہ نہیں بلکہ پیٹ 56انچ کا ہے: اکھلیش

بہرائچ۔/2مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعلیٰ اتر پردیش اکھلیش یادو نے نریندر مودی کو ’’ ان کے 56انچ کا سینہ ‘‘ ریمارک پر زبردست تنقید کا نشانہ بنایا جن کا اصل نشانہ اکھلیش کے والد اور ایس پی سربراہ ملائم سنگھ تھے۔ اکھلیش نے کہا کہ مودی سے بڑا جھوٹا کوئی نہیں کیونکہ وہ بات کرتے ہیں 56انچ سینہ کی لیکن حقیقتاً ان کا پیٹ 56انچ کا ہے۔ قیصر گنج میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی سے بڑا جھوٹا دنیا میں کوئی اور نہیں۔ ان کی انتخابی مہمات جھوٹ پر مبنی ہیں۔ ان کے پاس 56انچ کا سینہ نہیں بلکہ 56انچ کا پیٹ ہے جسے ہم توند کہتے ہیں۔ سیاست میں ایک بڑے دل کی ضرورت ہوتی ہے چوڑے سینے کی نہیں۔ یاد رہے کہ 23جنوری کو گورکھپور میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے ملائم سنگھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ نیتا جی ( ملائم ) کیا آپ یو پی کو گجرات میں تبدیل کردینے کے معنی سمجھتے ہیں؟ اس کے معنی ہیں کہ ہر گاؤں اور گلی میں 24گھنٹے برقی سربراہی، آپ ایسا نہیں کرسکتے۔ ایسا کرنے کیلئے 56انچ کا سینہ چاہیئے۔‘‘ اکھلیش نے کہا کہ گجرات ماڈل کا جو پروپگنڈہ کیا جارہا ہے وہ سوائے جھوٹ کے اور کچھ نہیں۔ یہ ایک ایسا ماڈل ہے جسے ہندوستان کو تقسیم کرنے کا ماڈل کہا جاسکتا ہے جس کے پس پشت آر ایس ایس، وی ایچ پی اور بجرنگ دل ہیں۔