احمد آباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ایک تنازعہ اور لاعلمی والے بیان میں کانگریس کے گجرات یونٹ کے لیڈر نے بی جے پی وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی پر شخصی تنقید کرتے ہوئے ان کا مغل شہنشاہ اورنگ زیب سے تقابل کیا ۔ گجرات پردیش کانگریس کمیٹی صدر ارجن مودھواڈیا نے کہا کہ مودی ہندوستانی کلچر کے دشمن دکھائی دے رہے ہیں وہ سلطان اورنگ زیب کی طرح برتاؤ کررہے ہیں ۔
اورنگ زیب نے اپنے والد کو قید کر کے اقتدار پر قبضہ کیا تھا ۔ اس طرز پر مودی پارٹی میں اپنے سینئیرس کے ساتھ برتاؤ کرتے ہوئے کرسی حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ کانگریس لیڈر نے مزید کہاکہ انہوں نے ( مودی ) ایل کے اڈوانی جیسے بزرگ لیڈروں کو بے بس کردیا ہے اور انہیں بھوپال کے بجائے گاندھی نگر سے مقابلہ کرنے کے لیے مجبور کردیا ۔ پارٹی کے ایک اور سینئیر لیڈر مرلی منوہر جوشی کو بھی وارانسی سیٹ ان سے چھین لی ۔ انہیں کانپور میں ڈھکیل دیا گیا ۔ جسونت سنگھ جیسے بزرگ لیڈر کو پارٹی ٹکٹ نہیں دیا گیا ۔ اس طرح کئی مثالیں ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مودی کے نزدیک بڑوں کی کوئی قدر و منزلت نہیں ۔۔
کانگریس کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
نئی دہلی ، 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سہارنپور کے کانگریس امیدوار عمران مسعود کی اُن کی نفرت آمیز تقریر پر گرفتاری کے بعد بی جے پی نے آج الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی ’’بار بار‘‘ خلاف ورزی کی پاداش میں کانگریس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔