پٹنہ ۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے وزیراعظم منموہن سنگھ کے غیرمعمولی تشہیر یافتہ ان ریمارکس پر آج کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا کہ بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی اگر اپنے عزائم کی تکمیل میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ ملک کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا۔ نتیش کمار نے اس مسئلہ پر اخباری نمائندوں کے متعدد سوالات پر جواب دیا کہ ’’میں نے وزیراعظم کے تین روز قبل منعقدہ پریس کانفرنس کا لائف ٹیلی کاسٹ نہیں دیکھا۔ چنانچہ میں اس موقف میں نہیں ہوں کہ (مودی پر) ان کے ریمارکس پر کوئی تبصرہ کرسکوں‘‘۔ مسٹر کمار نے مزید کہا کہ ’’اس مسئلہ پر وزیراعظم نے جو کچھ کہا ہے اس پر مجھے کچھ کہنا نہیں ہے۔
تاہم مسٹر نتیش کمار نے کہا کہ کسی بھی جلیل القدر دستوری عہدہ پرفائز ہونے والے شخص کو سیکولر، روشن خیال ہونا ضروری ہے جو عام کے تمام طبقات کو ساتھ لیکر چل سکتا ہے اور ایسے کسی شخص کو سخت گیر نہیں ہونا چاہئے۔ سخت گیر سے متعلق نتیش کمار کے ریمارکس کو 2002ء کے مابعد گودھرا فسادات میں مودی کے مبینہ رول کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔