رامپور 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی قائد اعظم خان نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ’’بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بجائے مودی نے اُن کے ہاتھوں میں جھاڑو تھمادی ہے۔ وہ شاہ آباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت نے پالیسی مسائل میں بیرون ملک بینکوں میں جمع کالا دھن وطن واپس لانے کا تیقن دیا تھا جو تاحال وفا نہیں کیا جاسکا۔ مودی نے نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اِس کے بجائے اُن کے ہاتھوں میں جھاڑو تھمادی گئی۔ مودی کو ’’بادشاہ‘‘ قرار دیتے ہوئے اعظم خان نے کہاکہ بادشاہ نے کالا دھن اندرون 100 دن واپس لانے کا تیقن دیا تھا لیکن 200 سے زیادہ دن گزر چکے ہیں۔ اب وزیراعظم کو عوام کے سامنے اِس دولت کا حشر کیا ہوا، بتانا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ مودی جی نے جھوٹے وعدوں کی بھرمار کردی تھی جبکہ وہ انتخابی مہم میں مصروف تھے۔ اُنھوں نے تیقنات کا راستہ اختیار کیا تھا لیکن کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کرسکے۔