مودی وڈودرا سے 5 لاکھ کی سبقت سے کامیاب ہونگے

وڈودرا 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے وزیر توانائی سوربھ پٹیل نے دعویٰ کیاکہ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی وڈودرا لوک سبھا نشست سے 5 لاکھ سے زیادہ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ وہ اکوٹا اسمبلی کی نمائندگی کرتے ہیں جو وڈودرا لوک سبھا حلقہ میں ہے۔ وہ انتخابی مہم کے آغاز کے وقت سے ہی وڈودرا میں قیام کئے ہوئے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان کے پارلیمانی انتخابات کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار وڈودرا لوک سبھا نشست کے نمائندہ ہوں گے جنھوں نے ریکارڈ اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہوگی۔ وڈودرا میں جاریہ انتخابات میں 70.57 فیصد رائے دہی ہوئی۔ 1951 ء کے بعد یہ ایک ریکارڈ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جس انداز میں لوگ مراکز رائے دہی پر اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کے لئے قطار بنائے کھڑے تھے اُس سے اُن کے ووٹنگ کے رجحان کا اندازہ ہوتا تھا۔ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں مودی کو ووٹ دینا چاہتے تھے کیونکہ 1980 ء کی دہائی سے ہی یہ شہر بی جے پی کے سینئر قائدین کی ’’کرم بھومی‘‘ رہا ہے۔ وڈودرا کے موجودہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ بال کرشنا شکلا نے اِس نشست سے ایک لاکھ 36 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے 2009 ء کے لوک سبھا انتخابات میں اپنے قریب ترین حریف کانگریسی امیدوار ستیہ جیت سنہہ گائیکواڑ کو شکست دی تھی۔ جبکہ وڈودرا انتخابی حلقہ میں 49.2 فیصد رائے دہی ہوئی تھی اور یہ بھی ایک ریکارڈ تھا۔ وڈودرا لوک سبھا انتخابی حلقہ میں 7 اسمبلی انتخابی حلقے ہیں اور تمام پر بی جے پی کا قبضہ ہے۔ بی جے پی وڈودرا مجلس بلدیہ اور ضلع پنچایت میں بھی حکمران ہے۔ بی جے پی کے سٹی یونٹ کے صدر بھرت ڈینجر نے کہاکہ ہم مؤثر انداز میں سوشیل میڈیا استعمال کرچکے ہیں اور فیس بُک پر 25 ہزار سے زیادہ افراد مودی کی تائید میں انتخابی مہم چلارہے تھے۔ مودی کا مقابلہ وڈودرا لوک سبھا انتخابی حلقہ میں کانگریس کے جنرل سکریٹری مدھوسودھن میستری اور عام آدمی پارٹی کے امیدوار ایس کلکرنی کے علاوہ دیگر امیدواروں کے ساتھ تھا۔ انتخابی اُمور کے ریاست گجرات بی جے پی کے انچارج سوربھ پٹیل نے کہاکہ ہم مودی کے لئے کثیر تعداد میں ووٹوں کی سبقت سے کامیابی کی اُمید رکھتے ہیں اور یہ سبقت 5 لاکھ سے کسی بھی طرح کم نہیں ہوگی۔