نئی دہلی 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی کی نریندر مودی پر اپنی شادی شدہ زندگی کے اعتراف کے بعد تنقید پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی نے کہاکہ اِس بات کا مسئلہ کیوں بنایا جارہا ہے۔ چیف منسٹر گجرات نے اِس معاملہ میں کبھی جھوٹ نہیں بولا اور کسی بھی پارٹی کو اُن کے بارے میں کوئی شکایت پیدا نہیں ہوئی۔ بی جے پی کی ترجمان نرملا سیتارامن نے کہاکہ وہ راہول گاندھی سے کہہ دینا چاہتی ہیں کہ اُنھیں حلف نامہ غور سے پڑھنا چاہئے۔ (مودی نے) جو کچھ معلومات فراہم کی ہیں درست معلومات ہیں۔ اِس سلسلہ میں اُنھوں نے کبھی جھوٹ نہیں بولا۔ ایک انتخابی جلسہ میں نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے مودی کی شادی کا مسئلہ اُٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی پارٹی خواتین کے تحفظ کی باتیں کرتی ہے جبکہ اُس کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو انتخابی حلف نامہ میں اپنی بیوی کا نام درج کرنے کے لئے کئی الیکشن لگ گئے۔ اِس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کی ترجمان نے کہاکہ کوئی بھی بیان دینے سے پہلے راہول کو حلف نامہ غور سے پڑھ لینا چاہئے۔