مودی فیل‘ یوتھ کانگریس ایجی ٹیشن کا آغاز

نئی دہلی ، 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) یوتھ کانگریس نے آج این ڈی اے کیخلاف قومی دارالحکومت میں مختلف مقامات پر احتجاج شروع کردیئے کہ وہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں حکومت کے ابتدائی 100 دنوں کے دوران مبینہ طور پر ناکام ہوگیا ہے۔ صدر یوتھ کانگریس راجیو ساتوو نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ یہ ایجی ٹیشن بنام ’’100 دن مودی فیل‘‘ دراصل مودی حکومت کے کئے گئے وعدوں اور اس کے حقیقی کاموں کے درمیان ’’خلیج‘‘ کو ’’آشکار‘‘ کرنے کی سعی ہے۔ یوتھ کانگریس ورکرس نے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی قیامگاہ، کرشی بھون، ریل بھون اور دیگر مقامات کے باہر مظاہروں کا اہتمام کیا۔ راجیو نے کہا کہ یہ احتجاج مزید دو یوم جاری رہیں گے۔ انھوں نے کہا، ’’ہم نے قبل ازیں جنتر منتر پر احتجاج منعقد کرنے کیلئے 20 روز قبل اجازت طلب کی تھی، جو نہیں دی گئی‘‘۔ یوتھ کانگریس نے سوشل نٹ ورکنگ ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر ’ہیش ٹیگ‘ (#100DaysModiFails) بھی بنایا ہے جس پر وہ اس ایجی ٹیشن کی تمام تفصیلات پیش کرنا چاہتے ہیں۔