مودی سے خائف قائدین پارٹی چھوڑنے پر مجبور : لالو پرساد

پٹنہ۔27 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی میں داخلی رسہ کشی پر طنز کرتے ہوئے صدر آر جے ڈی لالو پرساد نے آج کہا کہ پارٹی کے وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کے ’خوف‘ کی وجہ سے وہاں پارٹی چھوڑنے والوں میں بھگدڑ جیسی صورتحال مچی ہے ۔ لالو نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ مودی اپنی پارٹی کے سینئر قائدین کو اس حد تک خائف کرچکے ہیں کہ وہاں اُن میں بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور وہ اپنے عزت نفس کو بچانے کیلئے پارٹی چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ وہ (مودی) اس طرح خود اپنی پارٹی کو تباہ کرنے کے در پے ہے۔ لالو دراصل سینئر بی جے پی قائدین ایل کے اڈوانی ، مرلی منوہر جوشی ، جسونت سنگھ و دیگر کی ٹکٹوں کی تقسیم پر بے اطمینانی کا حوالہ دے رہے تھے ۔