نئی دہلی۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے ایمرجنسی پر ریمارکس پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ ان کے دورِ اقتدار میں ہی ملک میں غیرمعلنہ ایمرجنسی نافذ ہے۔ پارٹی ترجمان ٹام وڈاکن نے اروناچل پردیش اور اتراکھنڈ میں مرکز کے رول پر شدید تنقید کی کہ اور کہا کہ جمہوریت کا گلا گھونٹنے کی یہ واضح مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ایمرجنسی کے بارے میں بات کررہی ہے حالانکہ ملک اس وقت غیرمعلنہ ایمرجنسی سے دوچار ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اڈوانی نے بھی اسی بات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حالات بالکل ایمرجنسی کی طرح ہیں۔ ان کا اشارہ بی جے پی کے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی کے گزشتہ سال کئے گئے ریمارکس کی طرف تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جمہوریت کو کچلنے والی طاقتیں مضبوط ہورہی ہیں، لہذا اب ایمرجنسی کا نفاذ ممکن ہے۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ موجودہ حکومت دستور کا احترام نہیں کرتی ، جمہوریت کا گلا گھونٹ رہی ہے اور انحراف کا حق چھینا جارہا ہے۔