نئی دہلی۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی زیرقیادت حکومت کا مظاہرہ ’’بہت اچھا‘‘ رہا اور ملک کے بیشتر عوام کو اس کا یقین ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک کے 80 فیصد عوام کو یقین ہے کہ نریندر مودی زیرقیادت بی جے پی حکومت کی کارکردگی بہت اچھی رہی۔ وہ ایک تقریب کے دوران علیحدہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی این ڈی اے حکومت پر قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے تنقید اور ملک گیر سطح پر فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ کے دعوے کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس اپوزیشن پارٹی کی طرح رویہ اختیار کئے ہوئے ہے۔ میں اس بارے میں کچھ بھی نہیں کہنا چاہتا۔ کل رائے بریلی میں صدر کانگریس نے کہا تھا کہ عوام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کا منہ توڑ جواب دیں گے ۔ اگر ان پر فوری قابو نہیں پایا گیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے اولین 100 دن کے دور اقتدار میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ کا الزام عائد کیا تھا اور منیش تیواری نے ملک کی صورتِ حال پر وزیراعظم کی خاموشی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے تنظیموں کی فرقہ پرستی کو بڑھاوا دینے کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے۔