مودی حکومت میں وزرا کو فیصلوں کی آزادی

ہمیں پانچ سال کیلئے اقتدار ملا ہے 100 دن کیلئے نہیں : جاوڈیکر
نئی دہلی 2 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے وزارتی رفقاء کو تمام آزادی دی ہے اور فیصلے کرنے کے تعلق سے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر نے یہ ادعا کیا اور واضح کیا کہ نئی حکومت میں پالیسی سازی کا عمل اب مفلوج نہیں رہا ہے ۔ جاودیکر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی نے وزرا کو مکمل آزادی دی ہے اور وہ صرف ایک بات پر زور دیتے ہیں کہ آپ میں فیصلہ کرنے کا حوصلہ ہونا چاہئے ۔ سب کی سنیں لیکن فیصلہ وہی کریں جو ملک کیلئے بہتر ہو۔ جاودیکر نے اس خیال سے اتفاق نہیں کیا کہ وزیر اعظم نے اپنے وزرا پر مکمل کنٹرول کر رکھا ہے یا پھر انہوں نے جینس پہننے پر ایک وزیر کی سرزنش کی ہے ۔ جاودیکر نے کہا کہ اس طرح کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے ۔