مودی جھوٹوں کے سردار: سرجے والا

بنگلورو، 9مئی(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو جھوٹو ں کا سردار بتاتے ہوئے آج کہا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ جھوٹوں کے سردار ہی اب ملک کو جھوٹ کے بارے میں خبردار کررہے ہیں۔ کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے نریندر مودی کے کانگریس صدر راہول گاندھی پر پارٹی کو آگے بڑھانے کے لئے جھوٹ کا سہارا لینے کے الزام پر سخت ردعمل کرتے ہوئے یہاں یو این آئی سے کہا ” مودی جی جھوٹوں کے سردار ہیں۔ وہ ملک کے سب سے جھوٹے وزیر اعظم ہیں او رسر کے بال سے لے کر پاوں کے ناخن تک صرف او رصرف جھوٹ ان کے کیریکٹر میں ہے ۔ وہ کم سے کم ہمیں سچائی کا سبق نہ پڑھائیں۔” انہوں نے نریندر مودی کو جملوں کا لالی پاپ فروخت کرنے والا بتایا اور کہا کہ مسلسل جھوٹ بولنے والے نریندر مودی اب سچائی کا آئینہ بھی کسی کودکھائیں گے ۔ جھوٹ کی سیاست کرنے والے نریندر مودی پہلے بتائیں کہ عوام کے کھاتے میں پندرہ لاکھ روپے پہنچانے کے وعدے کو کب پورا کریں گے ۔ دو کروڑ نوکریاں کب دیں گے ۔فصل کی لاگت پرپچاس فیصد منافع کسان کو کب ملے گا۔ بدعنوانی کے سلسلے میں ریڈی گینگ پر کارروائی کب ہوگی اور اسی لاکھ کروڑ روپے بیرونی ملکوں سے کب واپس آئے گا۔ کانگریس ترجمان نے نریندر مودی کو فرضی ‘جادوگر’ بتایا اور کہاکہ پچھلے عام انتخابات میں انہوں نے ملک کو امیدوں کا خواب دکھایا تھا اور اسی امید کے ساتھ ملک کے عوام نے انہیں حکومت بنانے کے لئے اکثریت دی لیکن مودی حکومت عوام کی اس امید کو پورا کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ ان کے جھوٹے جملے اب سب کے سامنے آنے لگے ہیں اور ان سے پردہ ہٹنے لگا ہے ۔ ان کی حکومت کی گراوٹ شروع ہوچکی ہے اور انہوں نے جو جھوٹ بولا ہے اس کی سزا 2019میں ملنے والی ہے ۔