اندور 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ ان کا مقام خود ان کی پارٹی اور آر ایس ایس سے بھی بلند تر ہوچکا ہے۔ انہوں نے مودی کو ایسا سیاسی قائد قرار دیا جس کا نظریہ ’’کٹر متعصبانہ ‘‘ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تو وہ بی جے پی اور سنگھ سے بھی بالا تر ہوچکے ہیں۔ وہ شادی کی ایک تقریب کے موقع پر علحدہ طور پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل نیٹ ورکنگ سائٹس پر مودی کی تائید کرنے والے 60 فیصد سے زیادہ عہدیدار ’’جعلی‘‘ ہیں۔
’’ناقابل دید تنظیم ‘‘بی جے پی کے پس پشت :کانگریس
نئی دہلی 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)آر ایس ایس پر در پردہ تنقید کرتے ہوئے کانگریس قائد جناردھن دیویدی نے کہا کہ ایک ’’ناقابل دید تنظیم ‘‘بی جے پی کی تائید کررہی ہے۔ دیویدی نے اس نظریہ سے اتفاق نہیں کیا کہ بی جے پی کے خلاف جارحانہ مہم کیلئے کانگریس تیار نہیں ہے اور اس کی مہم کمزور ہے۔ دیویدی نے کہا کہ آپ ایک فرد اور ایک تنظیم کو مساوی قرار نہیں دے سکتے۔ تنظیم کا تقابل دوسری تنظیم سے ہی کیا جانا چاہئے جہاں تک بی جے پی کے نظریہ کا سوال ہے کانگریس کا نظریہ واضح ہے اور کانگریسی پورے فخر کے ساتھ اس کی تائید کرتے ہیں۔ تنظیم میں چند خامیاں ہوسکتی ہیں لیکن ایسی خامیاں تو بی جے پی میں بھی ہیں۔