کولکتہ۔26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا اسٹوڈینٹس فیڈریشن کے لیڈر کنہیا کمار نے آج وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی پر مذہبی جذبات کے ساتھ کھیلنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ مودی اور ممتا بنرجی دونوں ترتیب وار ہندوئوں اور مسلمانوں کے محافظین کا رول اختیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کنہیا نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو نوکریاں چاہئیں، مذہب نہیں۔ وہ یہاں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے 94 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جو کچھ دہلی سے ملک بھر میں کررہے ہیں، وہی کچھ کولکتہ میں بیٹھی دیدی (ممتا بنرجی) کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر اس شخص کے خلاف لڑیں گے جو ملک کے جمہوری تانے بانے کو برباد کرنا چاہیں گے چاہے وہ مودی ہوں یا دیدی۔ کنہیا نے کہا کہ بنگال کی آبادی میں تقریباً 30 فیصد اقلیتیں ہیں جو اثاثہ ہونا چاہئے نا کہ بوجھ۔