نئی دہلی ۔ یکم ؍ اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور آر ایس ایس کے سرسنچالک موہن بھاگوت بہار انتخابات میں ذات پات کا تنازعہ پیدا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ جے ڈی یو کے صدر شرد یادو نے آج کہا کہ کوئی بھی موجودہ تحفظات پالیسی اس وقت تک برخاست نہیں کرسکتا جب تک کہ ہندوستان میں ذات پات کا نظام باقی رہے گا۔ انہوں نے این ڈی اے حکومت کو چیلنج کیا کہ وہ اس نظام کے خاتمہ کیلئے پارلیمنٹ کا ایک خصوصی اجلاس طلب کریں اور اس پر مباحثہ منعقد کریں۔ انہوں نے بھاگوت کے اس تبصرہ کو کہ تحفظات پالیسی پر نظرثانی کی ضرورت ہے، مسترد کردیا اور کہا کہ بھگوا پارٹی کمنڈل اور منڈل کے درمیان جنگ کا احیاء کرنا چاہتی ہے۔