کراچی۔ 21؍اپریل (سیاست ڈاٹ کام)۔ عالمی شہرت یافتہ پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل نے موجودہ کرکٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ونڈے اور ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں بولروں کی مشکلات بڑھتی جار رہی ہیں۔ ٹوئنٹی 20 کرکٹ اور ونڈے قوانین میں تبدیلی سے کافی فرق پڑا ہے۔ سعید اجمل نے کہا کہ وقت اب کافی بدل چکا ہے، ان دنوں بولروں کے لئے کھیل میں کچھ بھی نہیں ہے۔ سب قوانین اور سہولتیں بیٹسمینوں کے لئے حالات سازگار بنارہی ہیں۔ یہ صورتِ حال بولروں کے لئے کافی مشکل ہے، بیٹسمین اب جس قسم کے جارحانہ اسٹروکس کھیل رہے ہیں، اس طرح کے اسٹروکس چند برس قبل بہت کم دکھائی دیتے تھے۔ 36 سالہ سعید اجمل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ بہت تیز ہو گئی ہے اور بیٹسمینوں کا رویہ بھی جارحانہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے بولروں کو ہر وقت دباؤ کا سامنا رہتا ہے۔ بیٹسمین اب ونڈے اور ٹوئنٹی 20 میں میچ کے شروعات میں ہی جارحانہ رویہ اختیار کر لیتے ہیں، جس کی وجہ سے بولروں کو ہر میچ میں کچھ نیا سوچ کر آنا پڑتا ہے۔ ٹیموں کے لئے ونڈے اور ٹوئنٹی 20 میچ کے آخری 10 اوورس میں 100 رنز اسکور کرنا معمول کی بات ہے۔ ٹوئنٹی 20 کرکٹ بنی ہی بیٹسمینوں کے لئے ہے جبکہ ونڈے میں پانچ فیلڈروں کو دائرے کے اندر رکھنے کے قانون نے بولروں پر مزید دباؤ بڑھا دیا ہے۔ سعید اجمل اِنگلینڈ میں ووسٹرشائر کاؤنٹی کی طرف سے جولائی تک کھیلیں گے جس کے بعد وہ وطن واپس آ کر سری لنکا کے دورے کی تیاری کریں گے۔ واضح رہے کہ سعید اجمل کو فی الحال دنیا کا سب سے کامیایب ترین اسپنر تصور کیا جاتا ہے جوکہ اسپنرس کے لئے سازگار اور مشکل دونوں قسم کی وکٹوں پر بہتر مظاہرے کی صلاحیت رکھنے کے علاوہ ٹیم کی فتوحات میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔