موبائیل فون سارقین گرفتار

مادھاپور پولیس کی کارروائی، 6 لاکھ مالیتی فونس ضبط
حیدرآباد ۔ 19 مارچ (سیاست نیوز) مادھاپور ہائی ٹیک سٹی میں موبائیل فون کے سرقہ کی وراداتوں میں ملوث تین رکنی سارقوں کی ٹولی کو مادھاپور پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہیکہ 22 سالہ محمد مظفر، 28 سالہ محمد اعجاز اور 20 سالہ محمد ابراہیم ساکن غازی بنڈہ علی آباد شاہ علی بنڈہ ہائی ٹیک مادھاپور آئی ٹی کاریڈار میں ملازم سافٹ ویر انجینئروں کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے قیمتی موبائیل فون کا سرقہ کیا کرتے تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس مادھا پور ڈیویژن مسٹر سریدھر نے بتایا کہ مذکورہ ملزمین آئی ٹی کاریڈار علاقہ میں آٹو میں گھوما کرتے اور سافٹ ویر انجینئرس کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے موبائیل فون کا سرقہ کیا کرتے تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئی ٹی کاریڈار کے ملازمین اکثر شیرنگ آٹو میں سفر کرتے جس کا فائدہ اٹھا کر مذکورہ ملزمین ان کے موبائیل فون اڑا لیا کرتے۔ مادھا پور پولیس کی ٹیم نے پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے ان سارقوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 32 قیمتی موبائیل فون جن کی مالیت 6 لاکھ روپئے بتائی جاتی ہے، برآمد کرلیا اور انہیں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا۔