جگدیش مارکٹ سے 2 نوجوان گرفتار
حیدرآباد 30 ڈسمبر (سیاست نیوز)کمشنر ٹاسک فورس ساوتھ زون ٹیم نے موبائیل فونس کے آئی ایم ای آئی نمبرس سے چھیڑ چھاڑ کرنے اور ان کی غیر قانونی فروخت میں ملوث تین افراد کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر کے مشہور موبائیل مارکٹ جگدیش مارکٹ میں سافٹ ویر کا کام کرنے والے 19 سالہ محمد عامر ساکن میر چوک ، اور 25 سالہ محمد علی پاشاہ ساکن معین باغ سنتوش نگر جو قیمتی اینڈرائیڈ موبائیل فونس کی مرمت میں مہارت رکھتے ہیں ، ’’فلاشنگ‘‘ ٹیکنالوجی کے ذریعہ آئی ایم ای آئی نمبر میں ہیر پھر کررہے تھے ۔ ٹاسک فورس کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس مسٹر این کوٹی ریڈی نے بتایا کہ اس ریاکٹ میں 28 سالہ طارق جمیل خان اور 25 سالہ فاروق مسروقہ موبائیل فونس عامر اور علی پاشاہ کو فراہم کررہے تھے اور آئی ایم ای آئی نمبرات سے چھیڑ چھاڑ کے بعد انہیں فروخت کردیا کرتے تھے ۔ مسروقہ موبائیل فونس کے آئی ایم ای آئی نمبر کو تبدیل کرنے پر پولیس کو سارقین کا پتہ لگانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ٹاسک فورس نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے دو کمپیوٹر اور آئی ایم ای آئی کو مسخ کرنے والے اشیاء کو بھی برآمد کرلیا اور انہیں بھوانی نگر پولیس کے حوالے کردیا ۔