موافق غریب بل کہاں ہیں ؟ مودی سے سی پی ایم کا سوال

نئی دہلی 2 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی کے ان ریمارکس پر کہ اپوزیشن جماعتیں راجیہ سبھا میں موافق غریب بلز کو روک رہی ہیں تنقید کرتے ہوئے سی پی ایم نے آج کہا کہ پہلے ان بلوں کو ایوان میں پیش کیا جائے ۔ سی پی ایم جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے اپنے ٹوئیٹ پر کہا کہ وزیر اعظم موافق لیبر اور موافق غریب بلوں کی بات کر رہے ہیں۔ یہ اتنا راز کیوں ہے ۔ یہ بلز کہاں ہیں۔ برائے مہربانی انہیں ایوان سے رجوع کیا جائے ۔ دلتوں کی فلاح و بہبود کے تبصرہ پر بھی انہوں نے وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال کیا کہ جب بائیں بازو کی جماعتوں نے ایوان میں ایس سی اور ایس ٹی طبقات کیلئے تین قوانین بنانے کی تجویز رکھی تو کیوں ان کے مطالبہ کو قبول نہیں کیا گیا ۔ ڈاکٹر امبیڈکر کی 125 ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں بائیں بازو کی جماعتوں نے پسماندہ طبقات کیلئے تین قوانین تیار کرنے کی تجویز پیش کی تھی جسے حکومت نے قبول نہیں کیا تھا ۔