بھیمگل ۔/27مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)رکن اسمبلی بالکنڈہ مسٹر پرشانت ریڈی کے ہاتھوں مشن کاکتیہ کے دوسرے مرحلہ کا آغاز ہوا۔ منڈل مواضعات تالہ رامپور میں 8لاکھ 72ہزار اور گمریال موضع میں9لاکھ 42 ہزار روپیوں کی منظوری عمل میں آئی۔ اس موقع پر ایک تقریب کا انعقاد عمل میں آیا جس سے رکن اسمبلی مسٹر پرشانت ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے تمام تالابوں کو مشن کاکتیہ پروگرام کے تحت ترقی دے کر بحال کیا جارہا ہے۔ تالابوں کی مرمت کرتے ہوئے انہیں زرعی اغراض و پینے کیلئے پانی کی فراہمی کیلئے حکومت کوشاں ہے۔ یہ مشن ریاست تلنگانہ کیلئے کافی فائدہ مند ہے جس کی مثال دوسری ریاست میں نہیں ملتی۔ مشن کاکتیہ پروگرام سے تلنگانہ کی بین الاقوامی سطح پر پہچان ہوئی ہے۔ اس پروگرام میں رکن اسمبلی پرشانت ریڈی، منڈل پرجا پریشد صدر نشین مسٹر چنیہ، زیڈ پی ٹی سی امتیا، ایم پی ڈی او مسٹر سرینواس، تحصیلدار مسٹر وینکٹ راؤ، صدرمنڈل ٹی آر ایس ایلیا کوآپشن ممبر شیخ عظمت علی، ایم پی ٹی سی فورم سدرشن کے علاوہ ٹی آر ایس قائد ین اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔