چکبلاپور۔ 16؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ مرکزی وزیر پٹرولیم ایم ویرپا موئیلی کے خلاف جنگ ان کے آبائی انتخابی حلقہ تک لے جاتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے قائد اروند کجریوال نے آج ان پر الزام عائد کیا کہ انھوں نے آر آئی ایل کے سربراہ مکیش امبانی کے ساتھ ہاتھ ملالئے ہیں اور عوام سے اپیل کی کہ لوک سبھا انتخابات میں انھیں مسترد کردیں۔ ایک روڈ شو کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے
انھوں نے کہا کہ ویرپا موئیلی کی وجہ سے ملک کو بھاری نقصان پہنچا ہے اور انھیں دوبارہ منتخب کرنے سے ملک کو مزید نقصان پہنچنے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ کجریوال نے کہا کہ موئیلی اپنے انتخابی حلقہ چکبلاپور کو ترقی دینے میں بھی ناکام رہے ہیں۔ انھوں نے گیس کی قیمت کے تعین کے سلسلہ میں موئیلی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کجریوال نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کا مقصد کرناٹک میں تمام 28 لوک سبھا نشستوں پر مقابلہ کرنا ہے۔ اس نے سابق آئی جی پی سی آر پی ایف کے ارکیش کو جو جنگل کے قزاق ویرپن کے خلاف سرگرم کارروائی کرنے کے لئے مشہور ہیں، اپنا امیدوار مقرر کیا ہے۔ 2000ء میں آنجہانی راج کمار نامور اداکار کو ویرپن نے اغواء کرلیا تھا، لیکن ارکیش کی کوششوں سے ان کی رہائی ممکن ہوسکی۔
چیف منسٹر دہلی کی حیثیت سے کجریوال نے موئیلی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکام جاری کرتے ہوئے ایک نیا محاذ کھول دیا تھا۔ سابق وزیر مرلی دیورا اور مکیش امبانی نے مبینہ طور پر کے جی بیسن سے حاصل ہونے والی قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے لئے سازش کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ مرکز کو گیس کی قیمت میں اضافہ کا فیصلہ روک دینا چاہئے اور اسے یکم اپریل سے نافذ کیا جانا چاہئے۔ انھوں نے اپنی حکومت کی انسداد کرپشن برانچ کو ہدایت دی تھی کہ انسداد کرپشن قانون کے تحت ایک فوجداری مقدمہ موئیلی کے خلاف درج کیا جائے۔