حیدرآباد۔29 اکتوبر (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد کی جانب سے روڈی عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور انہیں پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے جیل بھیجنے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ آج پولیس نے منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن سے وابستہ بدنام زمانہ روڈی شیٹر عابد بن خالد ساکن سیتا رام پیٹ کو حراست میں لے کر اسے جیل منتقل کردیا۔ پولیس کے بموجب خالد قتل ، اقدام قتل اور دیگر سنگین وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث ہے اور اس کی سرگرمیوں سے علاقہ منگل ہاٹ کے عوام خوف زدہ تھے۔ شہر کے تحفظ اور سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس نے عابد بن خالد کو پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے وقفہ وقفہ سے شہر کے روڈی شیٹرس کو پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے انہیں جیل بھیجا جارہا ہے۔