منڈل پریشد کی رائے شماری پر خصوصی توجہ ضروری

بودھن میں کانگریس کارکنوں کے اجلاس سے مدھو گوڑ یشکی کا خطاب
بودھن /11 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) امیدوار حلقہ پارلیمان ضلع نظام آباد کانگریس پارٹی مدھو گوڑ یشکی نے یہاں بودھن میں منعقدہ کانگریس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ دو میعادوں سے رکن پارلیمان ضلع نظام آباد منتخب ہوتے آرہے ہیں۔ انھوں نے ادعا کیا کہ وہ اس بار بھی منتخب ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ انھیں پارٹی میں اور پارلیمنٹ میں جو کچھ بھی مقام حاصل ہوا، وہ کانگریس کارکنوں کی مرہون منت ہے۔ مسٹر یشکی نے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کا مسئلہ پارلیمنٹ میں صرف ان کی مؤثر نمائندگی کے باعث پیش کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ، رائے دہی ہونے کے بعد سونیا گاندھی کی تعریف کرکے ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر کا عہدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات پارلیمنٹ و ریاستی اسمبلی کے انتخابات سے قبل ہونے کے باعث ٹی آر ایس کو اپنا کیڈر بنانے کا موقع ملا۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کے مبصر کیلاش کمار نے اپنے خطاب میں مجالس مقامی کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ 12 اور 13 مئی کو رائے شمار کے دوران ای وی ایم مشین اور منڈل پریشد کے بیلٹ پیپرس کی گنتی کے دوران خصوصی توجہ دیں۔ ضلع صدر کانگریس جناب طاہر بن ہمدان نے کہا کہ بودھن بلدیہ کی رائے شماری کے اختتام کے بعد منخب ہونے والے ارکان بلدیہ، سابق ریاستی وزیر سدرشن ریڈی کی قیامگاہ واقع نظام آباد پر جمع ہو جائیں۔ اس اجلاس سے ڈی سی سی بی چیرمین گنگادھر راؤ پٹواری نے بھی مخاطب کیا۔ اس اجلاس میں صدر ٹاؤن ستیم، سابق چیرمین مارکٹ کمیٹی شیخ محی الدین پاشاہ، گنگا شنکر، عابد سیٹھ، پوتا ریڈی، سابق ارکان بلدیہ گنا پرساد، دامودھر ریڈی، عبد الرحمن، کانگریس کے ضلع سکریٹری جمیل سائبر اور مجالس مقامی کے انتخابات میں حصہ لینے والے ارکان اس اجلاس میں شریک تھے۔