نارائن پیٹ 14 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ منڈل پریشد میں ایم پی ٹی سی انتخابات میں کسی بھی پارٹی کو قطعی اکثریت حاصل نہ ہوسکی ۔ نتائج معلق رہے نارائن پیٹ منڈل پریشد کی 16 ایم پی ٹی سی نشستوں کے منجملہ بی جے پی کو 7 تلگودیشم کو 3 کانگریس کو 2 آزاد امیدواروں کو 3 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی اور ایک نشست پر سی پی آی ایم ایل کو کامیابی حاصل ہوپائی ہے ۔ جبکہ ضلع پریشد رکن کے انتخابات میں بی جے پی کی ارونا دیوی نے تلگودیشم کی امیدوارہ سائماں کو 8663 ووٹوں کے فرق سے شکست دے دی ۔ جبکہ کانگریس تیسرے مقام پر رہی ۔ سابق میں یہ نشست کانگریس کے حصہ میں آئی تھی ۔ بی جے پی کی نارائن پیٹ بلدیہ میں شاندار کامیابی کے بعد ایم پی ٹی سی ، زیڈ پی ٹی سی انتخابات میں کامیابی پر بی جے پی و سنگھ پریوار حلقوں میں جشن کا ماحول دیکھا ج ارہا ہے ۔ جبکہ سیکولر طبقہ میں مایوسی پائی جاتی ہے ۔ بی جے پی کی کامیابی میں پوسٹل بیالٹ ، تعلیم یافتہ طبقہ اور آر ایس ایس کارکنوں کی شبانہ روز کی انتھک مساعی کا بہت بڑا دخل ہے ۔ نارائن پیٹ ٹاون میونسپل کونسل اور ایم پی ٹی سی و زیڈ پی ٹی سی میں بی جے پی کی شاندار فتوحات سے یہ اندیشہ بھی ظاہر کئے جارہے ہیں کہ حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ کی نشست تلگودیشم و بی جے پی متحدہ امیدوار ایس آر ریڈی یا پھر بی جے پی کے باغی امیدوار مسٹر رتنگ پانڈو ریڈی بازی لے جاسکتے ہیں ۔ 16 مئی کو ووٹوں کی گنتی محبوب نگر کے ایم وی ایس ڈگری کالج میں اسمبلی و پارلیمانی انتخابات کی جارہی ہے ۔ عوام کو انتخابات کے نتائج کو لیکر بڑی بے چینی اور تجسس پائی جاتی ہے ۔ نارائن پیٹ حلقہ اسمبلی کے چار منڈلوں کے منجملہ 2 پر کانگریس اور ایک بی جے پی اور دو پر ٹی ڈی پی نے زیڈ پی ٹی سی نشست پر قبضہ جمالیا ہے ۔