منڈل لنگم پیٹ میں پانچ ہزار ووٹرس کے نام غائب

عہدیداروں کے خلاف رائے دہندوں کا اظہار برہمی ، تحصیلدار کا گھیراؤ اور احتجاجی مظاہرہ

یلاریڈی ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : عہدیداروں کی لاپرواہی وغیرہ ذمہ داری کی وجہ سے ہزاروں رائے دہندے ووٹ کے حق سے محروم ہونے کا الزام لگاتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ۔ منڈل لنگم پیٹ ، آئلا پور ، پولکم پیٹ ، شٹ پلی سنگاریڈی ، بھوانی پیٹ ، پوتائی پلی ، لنگم پلی کے ساتھ ساتھ مختلف مواضعات میں تانڈوں میں تقریبا پانچ ہزار سے زائد رائے دہندوں کو حق رائے دہی سے محروم ہونا پڑا ۔ گذشتہ 30 تا 40 سال سے ووٹ کا استعمال کرنے والے رائے دہندے اس مرتبہ ووٹ کے حق سے محروم ہو کر شدید برہمی کا اظہار کیا ۔ منڈل مستقر کے متیڈی کنڈا پلی علاقہ میں 200 سے زائد رائے دہندوں کے نام فہرست میں نہ ہونے پر مقامی افراد نے تحصیلدار کا گھیراؤ کیا اور امبیڈکر چوراستہ پر راستہ روکو دھرنا منظم کیا ۔ حق رائے دہی فراہم کرنے کا عوام نے مطالبہ کیا ، جان بوجھ کر ناموں کو فہرست رائے دہندگان سے خارج کرنے کا الزآم لگایا ۔ منڈل لنگم پیٹ مستقر پر 1500 سے زائد رائے دہندوں کے نام غائب ہونا کسی تعجب سے کم نہیں ، پولنگ اسٹیشن تک جاکر اپنا نام تصویر فہرست میں نہ ہونے پر کئی رائے دہندوں نے برہمی کا اظہار کیا ۔ کئی بیداری پروگراموں کو منعقد کر کے حق رائے دہی سے محروم کرنا عہدیداروں کی لاپرواہی کا کھلا ثبوت پیش کرتا ہے ۔ منڈل لنگم پیٹ کے ساتھ ساتھ حلقہ یلاریڈی کے منڈل ناگی ریڈی پیٹ میں 450 ووٹ یلاریڈی میں 800 ووٹ گندھاری منڈل میں تین ہزار ووٹ ، تاڑوائی منڈل میں 1000 ووٹ ، سداشیو نگر منڈل میں 550 ووٹ ، رام ریڈی منڈل میں 1300 ووٹ ، فہرست رائے دہندگان سے غائب ہونے کی شکایت سامنے آئی ۔ اس طرح یلاریڈی حلقہ کے تمام منڈل میں رائے دہندوں کے نام نہ پائے جانے پر عوام کو برہم و مایوس دیکھا گیا ۔ فہرست رائے دہندگان کی تیاری میں عہدیداروں کی غیر ذمہ داری کھلے عام سامنے آگئی ہے جس سے جمہوری طاقت سے متعلق ذمہ داران کو کتنی دلچسپی ہے پتہ چلتا ہے ۔۔