منڈل ریونیو انسپکٹر رشوت قبول کرتے ہوئے گرفتار

حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : سری جی رمیش منڈل ریونیو انسپکٹر دفتر تحصیلدار ، کوروکنڈہ ( منڈل ) ضلع مشرقی گوداوری کو اے سی بی عہدیداروں نے تحصیل آفس میں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جب کہ وہ شکایت کنندہ سری ونڈا ستیہ نارائنا ، کوروکنڈہ (منڈل ) سے پٹہ دار پاس بک کی اجرائی پر مشتمل فائیل کو آگے بڑھانے کے لیے 10 ہزار روپئے رشوت قبول کررہے تھے ۔ کیمیکل ٹسٹ میں مثبت نتیجہ برآمد ہونے پر رشوت کی رقم ضبط کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ۔ جنہیں اے سی بی عدالت وجئے واڑہ میں پیش کردیا گیا ۔ تحقیقات جاری ہیں ۔۔

پدامول میں کسان کا قتل
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ضلع رنگاریڈی کے علاقہ پدامول میں ایک خاندان کے افراد نے پڑوسی پر حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا ۔ پدامول پولیس ذرائع کے مطابق 35 سالہ ہنمنتو جو پیشہ سے کسان تھا اس کا پڑوسی شخص انجیلیا سے مبینہ تنازعہ چل رہا تھا ۔ سیاسی مخاصمت کے علاوہ دونوں میں کافی دنوں سے تناؤ کی صورت حال پیدا ہوگئی تھی اور ذرا سی بات پر دونوں میں بحث و تکرار ہوا کرتی تھی ۔ 4 دسمبر کی رات دونوں کا آمنا سامنا ہوگیا اور اس دوران دونوں الجھ پڑے اس دوران انجیلیا کے دو بیٹے سینو اور پانڈو لاٹھیوں کے ساتھ ہنمنتو پر مبینہ طور پر ٹوٹ پڑے اور ان کا رشتہ دار بھائی اشوک نے مبینہ طور پر پتھرسے ہنمنتو پر حملہ کردیا ۔ اس حملہ میں شدید زخمی ہنمنتو شدید زخمی حالت میں کل رات فوت ہوگیا ۔ پدامول پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔۔