منچلے دوستوں کی نادانی ‘ ایک نوجوان کی موت کی وجہ بن گئی

حیدرآباد 10 ؍ مئی ( سیاست نیوز) نو عمر لڑکوں کی نادانی اپنے دوست کیلئے جان لیوا ثابت ہوئی جب چند منچلے دوستوں نے شرط لگا کر کُشتیوں کا مقابلہ کروایا ۔کنپٹی پر گھونسہ لگ جانے سے 17 سالہ نبیل محمد کی موت واقع ہوگئی ۔ 3 مئی کو پیش آئے اس واقعہ کو نوجوانوں نے حادثہ قرار دینے کی کوشش کی لیکن اُن کی ہی ویڈیو ان کیلئے شکنجہ بن گئی ۔ تفصیلات کے بموجب نبیل محمد ساکن پولیس لائن میر عالم منڈی جو فلک نما پریسیڈنسی کالج کا انٹر سال دوم کا طالب علم تھا کو اس کے 8 دوستوں نے 3 مئی کی صبح شرط پر کشتیاں لڑنے پر مجبور کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ نبیل اور محمد اویس پٹیل کے درمیان کشتی کا مقابلہ ہواجس میں عمر بیگ نے متوفی کو کشتی لڑنے پر مبینہ طور پر اُکسایا تھا اور شہباز عرف وسیم ڈالر نے ریفری کا رول ادا کیا اور کشتی کی موبائیل فون سے ویڈیو گرافی کی گئی اور بعدازاں اس ویڈیو کلپ کو واٹس اپ کے ذریعہ نوجوانوں نے اپنے گروپ میں گشت کروایا ۔ پٹیل نے نبیل کے ساتھ کشتی کے دوران اس کی کنپٹی پر مسلسل گھونسے رسید کئے جس سے وہ اچانک گڑ پڑا اور فوت ہوگیا ۔ نوجوان اس واقعہ کے بعد خوفزدہ ہوگئے اور بعدازاں نبیل کی نعش کو درشہوار دواخانہ لے گئے جہاں پر ڈاکٹروں نے موت کی توثیق کی ۔ نبیل کے ساتھیوں نے ان کی والدہ شبانہ بیگم کو بذریعہ فون یہ بتایا کہ اُن کا لڑکا حادثہ کا شکار ہوگیا ہے ۔ متوفی کی والدہ نے نوجوانوں کی بات پر یقین کرکے شوہر محمد دستگیر کو دبئی سے طلب کرلیا ۔ والدین نے نبیل کی تدفین بارکس قبرستان میں کی۔ اس کے دوست فاتحہ سیوم میں بھی شریک تھے ۔ تاہم والد کو نبیل کی ہلاکت حادثہ میں نہیں بلکہ کشتیاں لڑنے کے دوران واقع ہونے کی اطلاع کے بعد انہوں نے میر چوک پولیس میں شکایت درج کرواکر قتل کا شبہ ظاہر کیا ۔ پولیس نے نبیل کے7 دوستوں 19 سالہ محمد اویس پٹیل 20 سالہ عمر بیگ ‘21 سالہ سلطان مرزا ‘ 20 سالہ عرفان پٹھان ‘20 سالہ شہباز بیگ عرف وسیم ڈالر ‘ 19 سالہ ابو بکر اور 19 سالہ عبید کو حراست میں لیکر تفتیش کی جس میں نوجوانوں نے انکشاف کیا کہ کشتیوں کے دوران نبیل کی موت ہوگئی اور انہوں نے دانستہ طور پر وجہ چھپانے کی کوشش کی ۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ واٹس اپ کے ذریعہ حاصل کی گئی ویڈیوکی بنیاد پر 7 نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا ہے اور کل تحصیلدار کی نگرانی میں نبیل محمد کی نعش کو قبر سے نکال کر پوسٹ مارٹم کریں گے اور رپورٹ کی پر کیس کے دفعات میں ترمیم کی جائے گی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکہ اسٹائل کی ڈبلیو ڈبلیو ایف (WWF)کشتیاں یہاں کے نوجوانوں میں مقبول ہوچکی ہے اور دونوں شہروں میں نوجوان اکثر اسی قسم کی کشتیاں لڑنے میں مصروف ہیں ۔