منچریال میں روڈ سیفٹی بائیک ریالی

ضلع کلکٹر آر وی کرنن اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کی شرکت

منچریال ۔ 28 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : منچریال میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے 29 ویں قومی روڈ سیفٹی ہفتہ منایا جارہا ہے ۔ اس خصوص میں بائیک سواروں کو لازمی طور پر ہیلمٹ پہننے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ محفوظ بائیک سواری کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ لازمی طور پر ہیلمیٹ کا استعمال کیا جائے اور سڑک قوانین پر عمل کیا جائے ۔ اس ضمن میں محکمہ ٹرانسپورٹ اور پولیس نے مشترکہ طور پر منچریال میں آج ایک بائیک ریالی کا اہتمام کیا ۔ اس بائیک ریالی میں ضلع کلکٹر منچریال مسٹر آر وی کرنن اور ڈی سی پی منچریال مسٹر وینوگوپال راؤ کے علاوہ پولیس آفیسرز ، ٹرانسپورٹ آفیسرز و کانسٹبلس کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے حصہ لیا ۔ ضلع کلکٹر منچریال مسٹر آر وی کرنن نے کہا کہ بائیک سوار خصوصاً نوجوان ٹرافک قوانین کی خلاف ورزی ، تیز رفتاری اور بناء ہیلمٹ کے اپنی لاپرواہی کے ذریعہ سڑک حادثہ کا شکار اور قیمتی جانوں سے محروم ہورہے ہیں ۔ ڈی سی پی نے تمام بائیک سواروں کو مشورہ دیا کہ وہ احتیاط اور ٹرافک قوانین پر عمل کرتے ہوئے محفوظ سفر کو یقینی بنائیں ۔۔