پراجکٹ منیجر مسٹر اعجاز احمد کی اخباری نمائندوں سے بات چیت
منچریال۔/3اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ حکومت اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کرچکی ہے۔ بالخصوص تعلیمی شعبہ کیلئے جملہ 120 اقامتی مدارس کو منظوری دے دی ہے۔ پہلے مرحلہ میں تعلیمی سال 2016-17 سے ریاست تلنگانہ میں 40 اقامتی مدارس کا آغاز ہورہا ہے یہ بات منچریال آئی بی میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پراجکٹ منیجر مسٹر اعجاز احمد تلنگانہ میناریٹیز اسکولس سوسائٹی نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع عادل آباد میں 7اقامتی مدارس کا قیام عمل میں آرہا ہے۔ منچریال میں بوائز اقامتی مدرسہ کو منظوری دے دی گئی ہے جس میں جماعت پنجم ، ششم اور ہفتم میں فی کلاس 80 طلباء کی منظوری دی گئی ہے۔ اس خصوص میں بہت جلد تمام کاروائی مکمل کرلی جائے گی۔ 75فیصد نشستیں مسلم طلباء کیلئے ہوں گی باقی دیگر طبقات کے طلباء کو داخلہ دیا جائے گا۔ اس طرح ہر سال ایک ایک کلاس کا اضافہ کیا جائے گا۔اس موقع پر مسلم یوتھ ویلفیر کمیٹی کے صدر تسخیر علی، نائب صدر شیخ معین کے علاوہ کونسلر محلہ ظفر شفیع الرحمن، جناب محمد حسام الدین، منہاج الدین، فیلڈ آفیسر میناریٹی ریسیڈنشیل اسکول مسٹر جلیل احمد خان کے علاوہ مسلم نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔