قتل کے وجوہات کی تحقیقات کا آغاز، فون کال اور دیگر کا جائزہ
حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) منچال پولیس نے مسلم شخص کی نعش شناخت کرلی ہے جس کا گزشتہ روز بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا گیا تھا۔ انسپکٹر منچال مسٹر گنگادھر نے بتایا کہ اس شخص کی شناخت 36 سالہ اعجاز احمد کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ اعجاز احمد پیشہ سے کار ڈرائیور تھا اور کیاب چلاتا تھا۔ تاہم پولیس کو اعجاز کے قتل کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا۔ پولیس نے اعجاز کے کال ریکارڈس اور فون ریکارڈس کو جمع کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ اعجاز ایرہ کنٹہ علاقہ پہاڑی شریف کا ساکن تھا۔ 24 ڈسمبر کو اعجاز کی گمشدگی کی شکایت پہاڑی شریف پولیس میں درج کرائی گئی تھی۔ گزشتہ روز جب اس کی نعش دستیاب ہوئی تو اعجاز کے رشتہ داروں نے ہاسپٹل پہونچ کر نعش کی شناخت کرلی۔ انسپکٹر کے مطابق اعجاز کی بیوی نازیہ بیگم نے اعجاز کی انگلی اور اس کے کپڑوں سے اس کی شناخت کی۔ پولیس منچال مصروف تحقیقات ہے۔