منموہن سنگھ کے اعزاز میں سونیا گاندھی کا وداعی ڈنر

نئی دہلی ۔ 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم منموہن سنگھ کے اعزاز میں صدر کانگریس سونیا گاندھی کی جانب سے وداعی عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں پارٹی کے سرکردہ قائدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی لیکن راہول گاندھی غیر حاضر رہے جس کی وجہ سے سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ سونیا گاندھی کی رہائش گاہ 10 جن پتھ پر منموہن سنگھ سے اظہارتشکر کیلئے

یہ پروگرام منعقد ہوا تھا جنہوں نے 10 سال مخلوط حکومت کی قیادت کی۔ اس موقع پر 81 سالہ منموہن سنگھ کو مومنٹو پیش کیا گیا جس پر سرکردہ کانگریس قائدین اور مرکزی وزراء کے دستخط ہیں۔ بعدازاں پلم راجو نے ان کی تعریف میں بیان پڑھ کر سنایا۔ اس موقع پر منموہن سنگھ کے ساتھ ان کی اہلیہ گرو شرن کور موجود تھیں۔ شرکاء کو ان دونوں کے علاوہ سونیا گاندھی کے ساتھ تصویرکشی کراتے دیکھا گیا۔ اس تقریب میں راہول گاندھی کی غیرموجودگی کو واضح طور پر محسوس کیا جارہا تھا۔ وزیراعظم کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ راہول گاندھی نے ہفتہ کو وزیراعظم سے ملاقات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ آج شہر میں نہیں رہیں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے پہلے ہی منموہن سنگھ سے اظہارتشکر کیا۔

یہ قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ راہول گاندھی بیرونی دورہ پر جارہے ہیں اور ووٹوں کی گنتی سے قبل واپس ہوں گے۔ مرکزی وزیر کمل ناتھ سے راہول گاندھی کی غیرموجودگی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس کی وجہ نہیں جانتے۔ ایک اور وزیر آر پی این سنگھ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایسے واقعہ کو سیاسی رنگ دیا جارہا ہے۔ سونیا گاندھی نے وزیراعظم کو تہنیت پیش کی اور توصیفی سند عطا کی۔ مرکزی وزیر راجیو شکلا نے کہا کہ اس تقریب میں کوئی تقاریر ہیں ہوئی۔ منسٹر آف اسٹیٹ جے ڈی سیلم نے کہا کہ یہ صرف وداعی عشائیہ تھا۔ منموہن سنگھ 17 مئی کو وزارت عظمیٰ کے عہدہ سے سبکدوش ہورہے ہیں اور انہوں نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ یہ ان کی آخری میعاد ہوگی۔